وزیر اعظم نریندر مودی
امریکی صدر اوباما سے واشنگٹن میں 29 اور 30 ستمبر کو ملاقات کر یں گے ۔ سیکیورٹی تعاون سمیت مختلف امور پر بات چیت ہو گی ۔گجرات فسادات میں ملوث ہونے کے الزام کے بعد نریندر مودی پر امریکا میں داخلے پر پابندی لگادی گئی تھی تاہم ان کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اس پابندی کو ہٹالیا گیا۔ وائٹ ہاوس سے جاری ایک بیان کے مطابق دونوں رہنماوں کی ملاقات میں اقتصادی ترقی اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ امریکی
حکام کے مطابق مودی ، اوباما ملاقات میں افغانستان، شام اور عراق کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوگی ۔ دوسری جانب بھارتی وزیر امور خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات بھی خارج از امکان نہیں ہے ۔ سشما سوراج کا کہنا تھا کہ رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے جنرل اسمبلی اجلاس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ملاقات ہوسکتی ہے ، تاہم اس ملاقات کا فیصلہ صورت حال دیکھ کر کیا جائے گا۔